مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے پارلیمانی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی مسلح افواج کی کامیابیوں اور قربانیوں کے نتیجے میں اب ایسی صورتحال میں نہیں رہے گا جس میں نہ جنگ ہو اور نہ امن۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کے لیے مذاکرات یا جنگ کا انتخاب کوئی اہمیت نہیں رکھتا۔ اگر امریکہ ایران کی سات منطقی شرائط تسلیم کر لیتا ہے، جو ایرانی قوم کی جدوجہد اور قربانیوں کا نتیجہ ہیں، تو معاہدے کا راستہ کھلا ہے۔ تاہم، اگر امریکہ نے اس مرتبہ کوئی غلطی کی تو جنگ کا جغرافیہ اور دائرہ ایران کی مسلح افواج کی صلاحیت اور ارادے کے مطابق طے ہوگا، نہ کہ امریکہ کی مرضی سے۔ نئی جنگ کے اثرات بہت سے لوگوں کو بھگتنا پڑیں گے۔
قالیباف نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی فضائیہ کی صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں ایک نئے میزائل شہر کی رونمائی بھی کی گئی ہے۔ یہ اہم کامیابی جنگ کے دوران اور دشمن کی گولہ باری کے باوجود حاصل کی گئی، جو محض ایک تکنیکی اور دفاعی پیش رفت نہیں بلکہ خطے کے تزویراتی توازن میں تبدیلی کی علامت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فضائیہ کے اہلکاروں نے تجربات، ایمان اور عزم کے امتزاج سے ناممکن کو ممکن بنایا ہے اور صیہونی حکومت کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔ اس قوت نے ایران کے عوام، خطے اور دنیا کی آزاد قوموں، بالخصوص فلسطین کے مظلوم بچوں کو امید اور عزت عطا کی ہے۔
امریکی وزیر خزانہ کے حالیہ بیانات پر تنقید کرتے ہوئے اسپیکر پارلیمنٹ نے کہا کہ ان کے غیر اخلاقی اور توہین آمیز الفاظ اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقت کے مقابلے میں امریکی حکام کی شدید بے بسی کو ظاہر کرتے ہیں۔ انہیں چاہیے کہ بڑی قوموں کی توہین کرنے کے بجائے خلیج فارس میں اپنی تزویراتی ناکامیوں پر غور کریں۔
قالیباف نے ملکی معیشت اور عوام کے مسائل کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ فوجی میدان کے ساتھ ساتھ پیداوار اور عوام کے معاش کا تحفظ بھی ہماری بنیادی جنگ ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جیسے مسائل تقریروں اور سرکاری احکامات سے حل نہیں ہو سکتے۔ آٹھ ماہ سے زائد عرصے تک تاریخ کی بڑی جنگوں میں سے ایک کے مقابلے میں مزاحمت کرنے والے عوام کے معاشی حالات کا تحفظ حکام کی کم سے کم ذمہ داری ہے۔
اس سلسلے میں انہوں نے صنعت و معدنیات، قانونی و عدالتی اور اقتصادی کمیٹیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ قیمتوں اور بازار کی نگرانی میں کوتاہی کے ذمہ داروں کی نشاندہی پر مشتمل رپورٹ تیار کرکے عوام کے سامنے پیش کریں۔
آپ کا تبصرہ